(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر کے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وصول کرنے کے بعد اس پر دستخط کریں گے تاہم دستخط نہ کیے جانے کی صورت میں 48 گھنٹے کے بعد قومی اسمبلی از خود تحلیل ہو جائے گی۔
قومی اسمبلی تحلیل ہونے کی صورت میں موجودہ حکومت بھی ختم ہو جائے گی تاہم نگران وزیر اعظم کی تقرری تک شہباز شریف اسی عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔
قبل ازیں وزارت پارلیمانی امور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی تھی، سمری میں تاریخ کا خانہ خالی چھوڑا گیا تھا، رات گئے وزیر اعظم نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی۔
علاوہ ازیں اتحادیوں نے نگران وزیر اعظم کیلئے اپنے اپنے نام تجویز کر دیئے ہیں، ایم کیو ایم کی جانب سے نگران وزیر اعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام دیا گیا ہے جبکہ نیشنل پارٹی نے جسٹس (ر) شکیل بلوچ کا نام تجویز کیا ہے۔
نگران وزیر اعظم کیلئے حفیظ شیخ، شاہد خاقان عباسی اور جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر بھی مشاورت جاری ہے جبکہ فواد حسن فواد، ذوالفقار مگسی، محسن رضا نقوی اور ڈاکٹر عشرت العباد کے نام بھی نگران وزیر اعظم کیلئے زیرغور ہیں۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر اعظم کیلئے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سب سے مضبوط امیدوار ہیں، جلیل عباس جیلانی کا نام پیپلز پارٹی کا تجویز کردہ ہے، سابق سینئر سفارتکار جلیل عباس جیلانی کا نام آصف زرداری نے نواز شریف کے سامنے رکھا تھا۔
نواز شریف اور آصف زرداری کی بیرون ملک ملاقات میں جلیل عباس جیلانی کا نام زیر غور آیا، مسلم لیگ (ن) کے قائد کی جانب سے جلیل عباس جیلانی کے نام پر اعتراض نہیں کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کو جلیل عباس جیلانی کا نام سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے تجویز کیا تھا، سابق سینئر سفارتکار کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی جلد متوقع ہے۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے وزیر اعظم سے نگران وزیراعظم کے نام پر مشاورت کریں گے، شہباز شریف کو اپوزیشن کے 3 نام شیئر کروں گا، ساتھیوں سے مشاورتی عمل مکمل کرلیا ہے۔