(لاہور نیوز) یوم آزادی قریب آتے ہی بازاروں کی رونق میں اضافہ ہونے لگا۔ اردو بازار میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی۔
یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازار سبز و سفید رنگ میں ڈوبے نظر آ رہے ہیں۔ اردو بازار کے ہر سٹال پر 14 اگست کی مناسب سے اشیاء سج گئیں۔ چھوٹے بچوں کی آرٹیفیشل جیولری، چوڑیاں، ہیئر کیچر، کانوں کے جھمکے، پونیاں، ٹوپیاں اور بریسلیٹ الغرض ہر چیز پرچم وطن کی عکاسی کرتی دکھائی دے رہی ہے۔
چھوٹے بچوں کا زیادہ رجحان بڑے باجے خریدنے کی جانب ہے۔ مختلف قسم کے بیجز کے سٹالز پر بھی بچوں کا رش ہے۔ اردو بازار کی ہول سیل مارکیٹ میں کچھ عام خریدار بھی پہنچے جو اپنے محلے کے بچوں کے لیے نسبتاً سستے داموں چیزیں خرید رہے ہیں۔
یوم آزادی ہو تو پاکستانی سبز ہلالی پرچم سے محبت کا اظہار کرنا کبھی نہیں بھولتے۔ یہ اظہار عقیدت نہ صرف گھر پر لگی جھنڈیوں سے نمایاں ہوتا ہے بلکہ سبز ہلالی پرچم کی عکاسی کرتے کپڑے اور دیگر اشیاء بھی اسی کی آئینہ دار ہیں۔