(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران مریم نوازشریف اور کینیڈین ہائی کمشنر لیزلی سکینلون (Lesli Scanlon) نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مریم نوازشریف نے آمد پر کینیڈین ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان جمہوریت سمیت مختلف شعبوں میں بہترین دوطرفہ تعلقات استوار ہیں، کینیڈا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق اور سہولیات کے لئے جامع پیکیج دیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی عدالتیں بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جامع قانون سازی کی ہے، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، پاکستان اور کینیڈا کے درمیان عالمی فورمز پر تعاون عالمی امور کے حوالے سے اہم ہے۔
ملاقات کے دوران کینیڈا کی ہائی کمشنر نے مریم نوازشریف کی خواتین کے حقوق کے لئے جدوجہد کو سراہا، کینیڈا کی ہائی کمشنر نے نیک تمناؤں کے اظہار اور ملاقات کے لئے وقت دینے پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔