(لاہور نیوز) عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے گاڑی کی منتقلی کے لیے بائیو میٹرک مزید آسان کر دی گئی۔
ترجمان محکمہ ایکسائز نے بتایا ہے کہ صوبائی کابینہ نے موٹر وہیکلز رولز میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے، ترامیم موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کی مشاورت سے کی گئی ہیں، اس سے قبل گاڑی بیچنے اور خریدنے والے کے لیے اکٹھے بائیو میٹرک کی شرط تھی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق اب صرف گاڑی بیچنے والا بائیو میٹرک کرا کے منتقلی کی درخواست دے سکے گا، اس تاریخ کے بعد خریدار مقررہ فیس اداکر کے 30 دن میں بائیو میٹرک کراسکےگا، 30 دن میں بائیومیٹرک نہ کرانے پر ہر ماہ خریدار کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 120 دن تک بائیومیٹرک نہ کرانے پر مکمل جرمانہ کے ساتھ نئی بائیومیٹرک کرانا ہو گی، دوسری ترمیم کے تحت وراثتی سرٹیفکیٹ کے علاوہ اب نادرا کا فیملی سرٹیفکیٹ بھی قابل قبول ہوگا۔