جلاؤ گھیراؤ کیس: اسد عمر، قریشی، علیمہ، عظمیٰ خان و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے 6 مقدمات میں علیمہ خان، عظمیٰ خان سمیت شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے 6 مقدمات پر سماعت کی، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، علیمہ خان اور عظمیٰ خان عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت پہنچے، عدالت نے پولیس سے ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔
عدالت نے شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں بھی توسیع کردی گئی۔
ایڈووکیٹ رانا مدثر نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزمان شامل تفتیش ہوچکے ہیں، عدالت ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کرنے کا حکم دے، شاہ محمود قریشی، علیمہ خان، عظمیٰ خان اور اسد عمر کسی بھی واقعے میں ملوث نہیں۔