(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کا الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا کے مقام سے 2 لاکھ 44 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے ، چشمہ ہیڈ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 71 ہزار324 اور اخراج 2 لاکھ 56 ہزار 124 کیوسک ہے، دریائے جہلم میں بھی منگلا کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان نے بتایا کہ دریائے ستلج میں اسلام ہیڈ پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، اسلام کے مقام سے 62 ہزار 751 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا، دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور تریموں کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 7 اگست تک جاری رہے گا، اگست کے دوسرے ہفتے میں بارشوں کے سلسلے میں کمی کا امکان ہے، شہری سیلاب اور موسم برسات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے کہا ہے کہ شہری بارشوں کے دوران کچی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں، عوام دریاؤں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔