(لاہور نیوز) نگران حکومت نے گزشتہ مالی سالوں میں منظور شدہ منصوبوں پر کام نہ کیا، کریم بلاک فلائی اوور، بھیکے وال انڈر پاس، ایلی ویٹیڈ ایکسپریس وے سمیت دیگر منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، جوہر ٹاؤن میں انٹرٹینمنٹ پارک بنانے کا منصوبہ بھی فائلوں سے باہر نہیں آیا۔
ماضی میں منظور شدہ منصوبے پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے کے بجٹ سے خارج ہو گئے، نگران حکومت نے مجوزہ منصوبوں کی منظوری دی مگر منظور شدہ منصوبوں پر کام نہ کیا، 2018 سے کریم بلاک فلائی اوور و انڈر پاس کی باز گشت سنائی دی مگر پانچ سالوں کے دوران کریم بلاک فلائی اوور منصوبے پر ایک اینٹ بھی نہیں لگائی جا سکی۔
ادھر بھیکے وال موڑ انڈر پاس و فلائی اوور منصوبہ بھی صرف اعلانات کی حد تک محدود ہو کر رہ گیا، برکت مارکیٹ کے مقام پر فلائی اوور اور انڈر پاس کا بھی مستقبل تاریک ہوگیا، جوہر ٹاؤن میں انٹرٹینمنٹ پارک بنانے کا منصوبہ بھی فائلوں سے باہر نہیں آسکا۔
ایل ڈی اے نے لبرٹی مارکیٹ میں سکائی لائن پراجیکٹ کا منصوبہ بھی بنایا تھا جو منصوبہ ہی رہا، ، ایم ایم عالم روڈ کی ری ڈیزائننگ پر بھی دو منصوبے کاغذی کارروائی تک ہی محدود ہو کر رہ گئے۔