(لاہور نیوز) شہر کی 170 مارکیٹوں سمیت 460 بلندو بالا عمارتوں میں فائر ہائیڈرنٹس اور آگ بجھانے والے آلات کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
سول ڈیفنس کی ایک رپورٹ کے مطابق شہر کی 170 مارکیٹوں سمیت 460 بلندو بالا عمارتیں غیر محفوظ ہیں، شہر کی بیشتر عمارتوں اور مارکیٹوں میں فائر ہائیڈرنٹس اور آگ بجھانے والے آلات کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، مارکیٹوں کے چوراہوں پر فائر ہائیڈرنٹس لگانے کا منصوبہ بھی التوا کا شکار ہے، سول ڈیفنس کی رپورٹ نے انتظامی تیاریوں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔
رپورٹ کے مطابق اربوں روپے کا ریکارڈ رکھنے والی سرکاری عمارتیں بھی غیر محفوظ ہیں، 460 بلندوبالا عمارتوں میں فائر ہائیڈرنٹس، فائر الارم سسٹم، ڈرائی کیمیکل پاؤڈر بھی موجودہ نہیں ہے،ڈی سی، کمشنر آفس، ٹاؤن ہال، ریونیو و خزانہ ڈیپارٹمنٹ میں فائر سیفٹی آلات کی عدم موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
کوآپریٹو بلڈنگ اور یونین کونسل سمیت پانچ تحصیلوں میں آگ بجھانے والے آلات موجود نہیں ہیں، ریسکیو اور سول ڈیفنس کے مشترکہ سروے نے فائر ہائیڈرنٹس کی قلت کا پول بھی کھول دیا ہے، شاہ عالم مارکیٹ ،اندرون شہر ،انارکلی ،نیلا گنبد بازارمیں فائر ہائیڈرنٹس کا منصوبہ التواء کا شکار ہے۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہال روڈ، بیڈن روڈ، مال روڈ پر بھی فائر ہائیڈرنٹس نہیں لگائے جا سکے، پلاننگ افسران اور دیگر محکمے اپنے کنٹرول ایریاز میں ایکشن نہیں لے سکے۔
سول ڈیفنس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے 620 پلازہ مالکان اور480 شاپنگ سنٹرز کو نوٹس اور جرمانے کئے گئے ہیں جبکہ 243 پلازہ مالکان کے کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔