(لاہور نیوز) کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ون ونڈو سیل کے عملہ اور ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا اور ون ونڈوسیل کے تمام عملہ اور متعلقہ ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ مسلسل فالو اپ اور بہتر حکمت عملی سے ون ونڈو کی پینڈینسی میں واضح کمی آئی ہے، اصل مقصد عام شہریوں کو ریلیف دینا اور بہتر سروسز فراہم کرنا ہے۔
بعد ازاں محمد علی رندھاوا نے ایک اور اجلاس کی صدارت بھی کی، چیف انجینئر ایل ڈی اے اور چیف انجینئر ٹیپا نے ایم اینڈ آر ڈائریکٹوریٹ کے قیام پر بریفنگ دی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم اینڈ آر کے قیام سے ایل ڈی اے صوبائی دارالحکومت کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام خود کرے گا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبائی دارالحکومت کی سڑکوں کی تعمیر کے لیے ایل ڈی اے کو دستیاب وسائل و مشینری استعمال کی جائے گی، پیچ ورک، سائن بورڈز کی مرمت و بحالی، کرب سٹونز کی فکسنگ اینڈ پینٹنگ و دیگر کام بھی ایم اینڈ آر سیکشن کرے گا۔
کمشنر و ڈی جی ایل اے محمد علی رندھاوا نے اسفالٹ پلانٹ کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی ہے۔