(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، گرفتاری کے وقت نیلے ٹریک سوٹ میں ملبوس چیئرمین پی ٹی آئی دوپہر کا کھانا کھا رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس زمان پارک لاہور میں واقع انکی رہائش گاہ کے پچھلے دروازے سے داخل ہوئی، پولیس نے گارڈز کو گھر کے احاطے میں ہی روک دیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتاری کے وقت چیئرمین پی ٹی آئی دوپہر کا کھانا شروع کر چکے تھے، پولیس ان کے کھانا کھاتے ہوئے کمرے میں داخل ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے پولیس کو دیکھ کر حیرانی کا اظہار کیا۔ پولیس نے انہیں بتایا کہ عدالتی حکم پر آپ کی گرفتاری کا حکم آیا ہے، اس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں پتا تھا کہ کوئی ایسی چیز ضرور ہو گی۔
گرفتاری کے وقت پولیس حکام نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا کہ آپ کو بعد میں لنچ کرا دیں گے اس وقت گرفتاری ضروری ہے۔
گرفتاری کے وقت چیئرمین پی ٹی آئی نے نیلے رنگ کا ٹریک سوٹ پہنا ہوا تھا، انہوں نے گرفتاری کیلئے آئے ہوئے پولیس افسران سے کپڑے تبدیل کرنے کیلئے وقت مانگا لیکن پولیس نے انکار کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ خفیہ مقام پر ایک دفعہ پھر چیئرمین پی ٹی آئی کا پولیس کے ساتھ مکالمہ ہوا ۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ نے مجھے لنچ نہیں کرنے دیا، مجھے بھوک لگی ہے، جب مجھے گرفتار کیا گیا اس وقت میں نے کھانا شروع ہی کیا تھا ، مجھے دوپہر کا کھانا کھانا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے اصرار پر پولیس نے جواب دیا کہ اس وقت آپ کو عدالت کے حکم پر اسلام آباد منتقل کرنا ضروری ہے، کھانا بعد میں دیکھیں گے۔
ذرائع نےمزید بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے منہ پر کپڑا پہنا کر لے جایا گیا تاہم گاڑی میں بٹھانے کے بعد ان کے منہ پر ڈالا گیا کپڑا ہٹا دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کے قریبی ساتھی اویس نیازی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ایس ایس پی، سی آئی اے کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے تھے۔