(لاہور نیوز) شدید گرمی اور جان لیوا حبس میں بجلی کی طلب بڑھتے ہی ٹرانسفارمر جواب دینے لگے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو کی بجلی کی طلب 4800 میگا واٹ ہے جبکہ نیشنل پاور کنسٹرکشن کارپوریشن (این پی سی سی) کی جانب سے لیسکو کو 4600 میگا واٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، لیسکو کو 200 میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔
ڈیمانڈ کے مقابلے سپلائی متاثر ہونے کے باعث لیسکو کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے مگر شیڈول کے برعکس شہر کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی بیشتر علاقوں کے ٹرانسفارمر بھی جواب دے گئے ہیں، ٹرانسفارمر خراب ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔
شاہدرہ، راوی روڈ ،بادامی باغ ،داتا نگر ،شالیمار ،ہربنس پورہ ،فتح گڑھ سمیت دیگر کئی علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار کے باعث غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا۔