(لاہور نیوز) اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 4 ہزار 800 روپے سے بڑھ کر 4 ہزار 850 روپے ہو گئی جس کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2950 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے مجسٹریٹس کی فوج ظفر موج شہریوں کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں گندم ڈیلرز مافیا کا راج برقرار ہے، سرکاری گوداموں سے گندم کی ریلیز پر تاحال پابندی عائد ہے، محکمہ خوراک زخیرہ اندوز گندم مافیا کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
گندم کی فی من قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے سے بڑھ کر 2950 روپے کا فروخت ہو رہا ہے جبکہ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1480 روپے تک پہنچ گئی ہے، 15 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
سیکرٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو کا کہنا ہے کہ گندم مافیا کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، ڈپٹی کمشنرز گندم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں، امپورٹڈ گندم منگوائی جا رہی ہے، امید ہے جلد گندم کی قیمتوں میں فرق آئے گا۔