(لاہور نیوز) بجلی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے باعث بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
مہنگائی کا جِن دن بہ دن بے قابو ہوتا جارہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے، شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، آل پاکستان انجمن تاجران نے وزیراعظم سے ریلیف کی اپیل کر دی۔
چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکان کے بجلی کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔
ادھر ہال روڈ کے دکانداروں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ہر چیز مہنگی ہونے کی وجہ سے کاروبار نہیں، کرائے اور اخراجات نکالنا مشکل ہے اوپر سے بجلی کے بلوں نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں تاکہ دکاندار طبقے اورعوام کو سکھ کا سانس مل سکے۔