31 Jul 2023
(لاہور نیوز) سعودی عرب کی پاکستان میں 2.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی سمیت حکومتی معاشی اقدامات کے باعث انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی اُڑان تھم گئی۔
ہفتے کے پہلے کاروباری دن کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 42 پیسے کی کمی دیکھی گئی جس سے ڈالر کی قیمت 286 روپے 3 پیسے پر آگئی لیکن درآمدی ایل سیز کی ڈیمانڈ آنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 30 پیسے کے اضافے سے 286 روپے 75 پیسے پر بھی آگئے تھے۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 286.45 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 1 روپے کے اضافے سے 292 روپے پر آگئی تھی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے اوپن ریٹ بھی بغیر کسی تبدیلی کے 291 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔