(لاہور نیوز) مہنگائی کا گراف لگاتار بلند ہو رہا ہے۔ مہنگائی نے برائلر، پیاز اور ادرک سمیت انڈوں کی قیمتیں بھی بڑھا دیں۔ عام صارف قیمتیں سن کر پریشان ہیں۔
مہنگائی شہریوں پر بارش کی طرح برسنے لگی۔ مارکیٹ کمیٹی نے سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے۔ پیاز کی قیمت میں 3 روپے، ادرک 5 روپے، آلو 2 روپے جبکہ لیموں اور شملہ مرچ کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا۔
پیاز 53 روپے کے بجائے مارکیٹ میں 80 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ ادرک 895 روپے کے بجائے 1100 روپے کلو تک بکنے لگا۔ لیموں کی قیمت 190 روپے مقرر تاہم 250 روپے کلو تک فروخت ہونے لگے۔ درجہ اول آلو 75 کے بجائے 100 روپے فی کلو ملنے لگے۔
برائلر کی کم ہوتی قیمتوں کو بھی مصنوعی قلت پیدا کرکے بڑھا دیا گیا۔ 15 روپے اضافے کے ساتھ برائلر کے دام 575 روپے کلو مقرر ہو گئے۔ خریدار کہتے ہیں مہنگائی رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ حکومت غریب پر ترس کھائے اور مہنگائی کو کنٹرول کرے۔
انڈوں کی قیمت مزید 2 روپے بڑھا کر 274 روپے درجن مقرر جبکہ سیب450 روپے کلو، کیلا 220 روپے درجن اور آم 260 روپے کلو تک میں بک رہا ہے۔