(لاہور نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ گھریلو ملازمہ بچی کےساتھ جو کچھ ہوا وہ ناقابل برداشت ہے، بچی پر تشدد کے واقعہ میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا۔
وزیراعظم کی معاون شزا فاطمہ خواجہ نے جنرل ہسپتال میں گھریلو تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی عیادت کی اور سہولیات بارے استفسار کیا۔
بچی کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی شزا فاطمہ نے کہا کہ ابھی ہم نے بچی سے بھی ملاقات کی ہے، بچی کی حالت اب بھی بہتر نہیں ہے، یہاں بچی کا اچھا خیال رکھا جا رہا ہے اور جو بورڈ بنا ہوا ہے وہ مسلسل جائزہ لے رہا ہے، طبی امداد کی حد تک حالات ٹھیک جارہے ہیں۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ڈومیسٹک ورکرز بل کے تحت 15 سال سے کم عمر بچے کو گھر میں ملازمت پر رکھنا جائز نہیں ہے،اگر اس بچی کی حالت دیکھیں تو یہ عام انسان کی ذہنی کیفیت رکھنے والے شخص کی حرکت نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر میں جو دفعات لگائی گئی ہیں، اس کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، بچی کے والدین کے بھی اس پر تحفظات ہیں، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ان تحفظات کو دور کریں اور ایف آئی آر کو بہتر کریں، حکومت جہاں تک کھڑی ہوسکتی ہے، ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔