وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ٹیکسالی گیٹ کا دورہ، محرم جلوس روٹ کی سکیورٹی کا جائزہ
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ٹیکسالی گیٹ ترنم چوک کا دورہ کیا اور محرم الحرام کی مناسبت سے نکالے جانیوالے جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈی سی رافعہ حیدر، آئی جی پنجاب عثمان انور اور ڈی آئی جی آپریشنز بھی نگران وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے، محسن نقوی نے جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے اور ہر قسم کی رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم جلوس کے کسی بھی روٹ کو نہیں چھیڑ رہے، اس سال ہر روٹ کو مزید بنایا جارہا ہے، جہاں بھی کوئی شکایت آ رہی ہے اسے حل کیا جا رہا ہے، محرم میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں ضرورت ہوئی موبائل سروس کو بھی بند کیا جائے گا۔
ممکنہ سیلابی خدشات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا اربن فلڈنگ کا بہت اشو ہے بارش ہوئی تو کوشش ہوگی پانی جلد سے جلد نکالا جائے، شہر کا نظام ایسا نہیں کہ پانی فوراً نکلے، سیلاب کے حوالے سے پوری تیاری کررہے ہیں۔