(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سروسز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، محسن نقوی ہسپتال میں بدنظمی اور سہولیات کے فقدان پر شدید برہم ہو گئے،وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں ایئرکنڈیشنرز کی بندش پر ڈائریکٹر فنانس کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کردی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی 3 گھنٹے تک ہسپتال میں موجود رہے، انہوں نے سروسز ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے 31 جولائی تک ایمرجنسی کو فعال بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سروسز ہسپتال کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہسپتال کی حالت دیکھ کر نہایت افسوس ہوا، گزشتہ تین ماہ میں جتنے ہسپتال دیکھے یہ ہسپتال سب سے بری حالت میں ہے، ہسپتال کے کسی بھی وارڈ میں ایئرکنڈیشنر نہیں چل رہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے ڈائریکٹر فنانس کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا جبکہ ہسپتال کی پارکنگ کا ٹھیکہ بھی لاہور پارکنگ کمپنی کو دینے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں سے پرانے بیڈز ہٹا دیں اور اڑھائی ارب روپے مالیت سے پندرہ ہزار نئے بیڈز لگائے جائیں۔