(ویب ڈیسک) کپاس کی قیمتوں میں غیرمعمولی کمی کے باعث کاٹن جنرز نے پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں کپاس کی خریداری بند کردی ۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری محدود کرنے سے مارکیٹ کریش کر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ روئی کی قیمتیں دو ہزار روپے فی من کے بعد19 ہزاراور پھر17 ہزار روپے تک گرگئیں ، اس طرح کپاس کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کا رجحان سامنے آیا، جس سے کپاس کی قیمت 9 ہزار سے 7ہزار روپے تک گر گئی،اس کے بعد کاٹن جنرز نے ملک بھر میں کپاس کی خریداری کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم نے کہا کہ ٹیکسٹائل ملز والے خریداری نہیں کر رہے جس کی وجہ سے کپاس کی خریداری کرنا ممکن نہیں رہا ،جو میکنزم ای سی سی کی میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ کپاس کی قیمت 8 ہزار5سو روپے سے کم ہونے کی صورت میں حکومت ٹریڈ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے روئی کی خریداری کو یقینی بنائے گی اس پر عمل کیا جائے ۔
احسان الحق نے کہا کہ دوسرا بڑا مسئلہ کاٹن سیڈز پر سیلز ٹیکس کا ہے، وفاقی حکومت سے اپیل کی تھی کہ 18 فیصد سیلز ٹیکس واپس لیا جائے تاکہ کپاس کی قیمت میں بہتری آ سکے گی۔