(ویب ڈیسک) کاروبار کے آغاز پر آج بھی انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
انٹربینک میں ڈالر کی لین دین کے آغاز پر امریکی کرنسی کی قیمت میں 81 پیسے کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 276 روپے 60 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 1.98 اضافہ ہوا تھا جبکہ لین دین 277.41 پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت فروخت ایک روپے بڑھ کر 278 روپے ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ منگل کو انٹربینک میں ایک ہی دن ڈالر کی قیمت میں ساڑھے 10 روپے کمی بھی دیکھی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج بھی کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس کے پوائنٹس میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
حصص کی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ 100انڈیکس 172پوائنٹس اضافے سے 43 ہزار 700 پر آگیا۔
پاکستانی حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر اتفاق کے بعد سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ دو دن پہلے ایک ہی روز میں 100 انڈیکس میں 2400 پوائنٹس اضافے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا تھا، انڈیکس تین سال بعد 43 ہزار 900 پر پہنچا تھا۔