(لاہور نیوز) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں مالی بد عنوانیوں کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے رجسٹرار ڈاکٹر شوکت علی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جی سی یو خودمختار ادارہ ہے۔ اس کے خلاف انکوائری یا تادیبی کارروائی کا اختیار صرف گورنر پنجاب کو بحیثیت چانسلر حاصل ہے۔ گریڈ 16 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے ان کو طلبی کے نوٹس دے دئیے۔
وکیل نے بتایا کہ اینٹی کرپشن نے یونیورسٹی کا 2021 اور 22 کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ قانون اور یونیورسٹی رولز کے تحت محکمہ اینٹی کرپشن ان کو طلب نہیں کر سکتا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ان کو طلب کرنے کا قانونی اختیار نہیں رکھتا۔ لہذا عدالت طلبی کے نوٹس پر عمل درآمد معطل کرے۔ عدالت کسی قسم کی ممکنہ تادیبی کارروائی روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے طلبی نوٹس پر تاحکم ثانی عمل درآمد معطل کر دیا۔