(ویب ڈیسک)رواں مالی سال 2023 میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قد رمیں 28 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
ایک بڑے مالیاتی گروپ کے تجزیے کے مطابق یہ مسلسل تیسرا مالی سال ہے جب روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں کمی آرہی ہے اور تخمینہ ہے کہ نئے مالی سال کے دوران جس کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا یعنی مالی سال 2024 کے دوران روپے کی قدر میں مزید 10 سے 12 فیصد کمی ہوگی اور ایک ڈالر 320 پاکستانی روپے کے مساوی ہوسکتا ہے۔
نجی بینک کے ہیڈ آف ریسرچ طاہر عباس کا کہنا ہے کہ سال 2023 کے دوران روپے کی قدر میں 28 فیصد اب تک سب سے بڑی کمی ہے جس کی وجوہات میں بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کا دباؤ جس کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہوئی جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کی معطلی کے باعث بیرونی ملک سے سرمایے کی آمد بھی متاثر ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ مالی سال 2022 کے دوران روپے کی قدر میں 22 فیصد کمی ہوئی تھی اور اس سال ایک ڈالر 204 پاکستانی روپے کے مساوی تھا۔