(ویب ڈیسک) بجلی کی قیمت بڑھنے اور گھریلو برقی آلات مہنگے ہونے سے عید قرباں پر ڈیپ فریزرز اور ریفریجریٹرز کی فروخت میں 75 فیصد تک کمی کا سامنا رہا۔
گھریلو برقی آلات کی فروخت کے مراکز اور کراچی میں مرکزی صدر الیکٹرانکس مارکیٹ بھی گاہکوں سے خالی ہے، عید قرباں کو ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز کی فروخت کا سیزن سمجھا جاتا ہے تاہم اس سال مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید میں کمی، بجلی کے نرخ اور گھریلو برقی آلات کی قیمت بڑھنے سے فروخت محدود ہو گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز کی قیمت ایک سال میں دگنی ہوگئی جس کی وجہ سے عید کی فروخت 25 فیصد تک محدود رہ گئی ہے، بہت کم منافع پر 500 سے 1000 روپے کا مارجن رکھ کر ریفریجریٹرز اور ڈیپ فریزرز اور مائیکرو ویو اوون فروخت کر رہے ہیں۔
سیل میں فروخت کی ایک بڑی وجہ کمپنیوں کی جانب سے براہ راست فروخت، بینکوں کی جانب سے اپنے صارفین کیلئے اقساط کی سہولت ہے جس سے عام دکانوں کی فروخت میں کمی واقع ہو رہی ہے۔
اس سال سنگل ڈور ڈیپ فریزر 70 سے 75 ہزار روپے، ڈبل ڈور فریزر، ڈبل ڈور ڈیپ فریزر 90 ہزار سے ایک لاکھ روپے میں فروخت ہو رہا ہے، 12 کیوبک فٹ کا ریفریجریٹر 75 ہزار روپے میں بیچا جا رہا ہے۔