(ویب ڈیسک) چیئرمین نیب کے احکامات پر نیب لاہور میں پہلی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹینٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں نیب لاہور میں آج عوام کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں کھلی کچہری کا آغاز ہوا جس میں ہاؤسنگ سیکٹر کے متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل سے ڈی جی نیب لاہور کو آگاہ کیا۔
کھلی کچہری میں سائلین کی بڑی تعداد کرپشن و دھوکہ دہی کی شکایات لئے پہنچی جہاں ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے سائلین کے مسائل کو نہ صرف بغور سنا بلکہ متاثرین کی شکایات پر متعلقہ آفیسرز کو فوری ٹھوس اقدامات اٹھانے کے احکامات صادر کئے۔
نیب لاہور میں منعقدہ کھلی کچہری میں دادرسی کیلئے آنے والے سائلین کی اکثریت ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونے والی دھوکہ دہی اور فراڈ سے متعلقہ رہی جن میں پاک عرب ہاؤسنگ سوسائٹی، جی مگنولیا ہاؤسنگ پراجیکٹ، اومیگا سٹی ہاؤسنگ سوسائٹی اور لاہور گارڈن ہاؤسنگ کے متاثرین کی تھی۔
نیب لاہور حکام کی جانب سے سائلین کی شکایات پر جانچ پڑتال کے عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مذکورہ کیسز میں جلد ازجلد پیش رفت کی جاسکے۔