(ویب ڈیسک) محکمہ خزانہ پنجاب نے سول پنشن رولز میں ترمیم کر دی، بروقت پنشن کاغذات مکمل کرنے کی ٹائم لائن بھی مقرر کردی گئی۔
محکمہ خزانہ نے رولز میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین کے بروقت پنشن کاغذات مکمل کرنے کے لیے اکاؤنٹ آفیسرز کو ٹائم لائن بھی وضع کر دی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے اجرا سے ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو فوری ریلیف ملے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق جب کوئی ملازم ریٹائر ہوگا تو اس کی آخری بنیادی تنخواہ کا 65 فیصد اسے پنشن فنڈ کی مد میں ملنا شروع ہو جائے گا۔ اکاؤنٹ آفیسر6 ماہ کے اندر اس ملازم کے پنشن کاغذات مکمل کرنے اور باقاعدہ پنشن جاری کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔
اس سے قبل 3 جون کو پنجاب کی نگران کابینہ نے پنجاب سول سروس پنشن رولز میں ترمیم کی منظوری دی تھی۔ ترمیم کے تحت ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65 فیصد پنشن کی فوری ادائیگی یقینی ہوگی، جب تک پنشن کے مکمل کاغذات تیار نہیں ہوتے تب تک 65 فیصد پنشن ملتی رہے گی۔