20 Jun 2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے لارنس روڈ امتحانی سینٹر کو زبردستی کرائے پر دینے کے معاملے پر لاہور بورڈ، چیف سیکرٹری پنجاب اور محکمہ ہائرایجوکیشن کو نوٹس جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے لارنس روڈ امتحانی مرکز کو کرائے پر دینے کے خلاف پیکٹ کے صدر کاشف شہزاد چودھری سمیت دیگر اساتذہ کی درخواست پر سماعت کی، اساتذہ کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے، عدالت نے حکم امتناعی کی درخواست پر بھی متعلقہ حکام سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ امتحانی سینٹر کی عمارت لاہور بورڈ کی ہے، کسی محکمے کو کرایہ پر نہیں دی جا سکتی، اگر امتحانی سینٹر کسی کو کرایہ پر دیا گیا تو عدالت اسے اگلے ہی دن نکال دے گی۔