300 پاکستانی بیروزگاری سے بچنے کیلئے یونان کے سمندر میں شہید ہوگئے: شیخ رشید
(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم اپنے 300 پاکستانیوں کا سوگ منا رہے ہیں، لوگ بیروزگاری اور معاشی قتل عام سے بچنے کیلئے یونان کے سمندر میں شہید ہوگئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، جب 20 کلو آٹے کا تھیلا 3000 روپے کا ہوگا تو لوگ زہر کا گھونٹ پینے پر مجبور ہوں گے، معاشی، اقتصادی اور سیاسی تباہی، کارخانے بند، کاروبار بند، کسی کو کچھ سمجھ نہیں آ رہی کہ اس اندھیرے سے کس طرح نکلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کی ساری قوم نے مذمت کی ہے، خدا کیلئے اس قوم کو زندہ رہنے کا حق دو، لوگوں کے گھروں میں ایک وقت کا کھانا ہے، قومیں عوام سے ہوتی ہیں، قومیں جوش، جذبے، ولولے سے زندہ رہتی ہیں، اس قوم کو جذبہ اور امید دیں نا امیدی نہ دیں، پاکستان قیامت تک زندہ رہے گا۔
سربراہ عوامی لیگ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سب جھوٹ بولا گیا ہے، اسحاق ڈار، نوازشریف اور شہبازشریف کے بیانات نہیں مل رہے، نوازشریف آپ آ جائیں آپ کو پتہ لگے گا کہ لوگ کس حالت میں پہنچ چکے ہیں، آنے میں دیر نہ کریں، میری اداروں سے درخواست ہے کہ اس پاکستان کو اندھیروں سے نکالیں، اس پاکستان کو اجالے میں لے کر جائیں، امید دلائیں۔
سابق وزیر نے مزید کہا کہ نوجوان ڈپریشن اور دباؤ کا شکار ہو چکا ہے، گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، آئیں سب مل کر پاکستان کو آگے لے کر چلیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہماری پہچان ہے۔