(ویب ڈیسک) موسم گرما میں کھانے پینے کا خیال رکھنا پڑتا ہے کیونکہ اس موسم میں ضرورت سے زیادہ مرغن غذائیں نظامِ ہاضمہ کے مسائل کا سبب بنتی ہیں، اسی لیے گرمیوں میں ہلکی پھلکی غذائیں کھائی جاتی ہیں۔
زیادہ تر افراد اس موسم میں پھل اور سبزیاں کھانے کو ترجیح دیتے ہیں جو بالکل درست کرتے ہیں، کیونکہ ایسے کھانے کھانے چاہیئں جو صحت کے ساتھ آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں مدد فراہم کریں۔
ماہرین غذائیت سخت گرمی میں جن چیزوں کو اپنی غذا میں شامل کرنے کے مشورے دیتے ہیں۔ ان میں درج ذیل 5 پھل شامل ہیں۔
تربوز:۔
موسم گرما کے لیے سب سے زیادہ ہائیڈریٹنگ فوڈز میں سے ایک لذیذ، تروتازہ تربوز ہے۔ تربوز غذائیت کے ساتھ جسم کی گرمی بھی کم کرتا ہے، آپ تربوز کو سلاد میں شامل کرکے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، اسے چوکور کاٹ کر زیتون کا تیل اوپر سے ڈال کر سلاد میں کھائیں۔ یہ ذائقہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔
چیری:۔
گرمیوں میں لطف اندوز ہونے والے سب سے خوشگوار پھلوں میں سے ایک چیری ہے، دیکھنے میں یہ چھوٹا سا پھل اپنے اندر ذائقہ اور کئی فائدے سموئے ہوئے ہے۔ چیریز جسم کے کسی بھی حصے میں ہونے والی سوزش میں کمی کی وجہ بن سکتی ہیں، اس کے علاوہ چیریز میں صحت مند زندگی کا راز پوشیدہ ہے۔
کھیرے:۔
شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جہاں سلاد بنتی ہو اور اس میں کھیرے شامل نہ کیے جاتے ہوں۔ کھیرے میں کیلوریز، کاربوہائیڈریٹ، نمک، چکنائی اور کولیسٹرول قدرتی طور پر کم ہوتے ہیں، چونکہ ان میں 95 فیصد پانی ہوتا ہے، اس لیے کھیرے قدرتی طور پر ہائیڈریٹ ہوتے ہیں، جو ٹھنڈا رہنے کے لیے ضروری ہے۔ لہٰذا آپ اسے ناصرف سلاد میں شامل کرسکتے ہیں بلکہ ایسے ہی کچے بھی کھا سکتے ہیں۔
مکئی:۔
مکئی ایک کارب سے بھرپور غذا ہے جو فائبر، وٹامنز اور معدنیات سے مالامال ہوتی ہے۔ اس میں پروٹین اور چکنائی کی مقدار بھی کم ہوتی ہے، جو اسے موسم گرما میں ایک شاندار سائیڈ ڈش یا سنیک کے طور پر پیش کرتی ہے۔ اسے کھانے سے جسم میں گرمی نہیں ہوتی اور آپ کا نظامِ ہاضمہ بھی بالکل ٹھیک رہتا ہے۔
خربوزہ یا گرما:۔
خربوزہ یا گرما سخت گرمی کے موسم میں کھانے والے وہ پھل ہیں جو آپ کے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتے۔