(لاہور نیوز) واسا افسران نے انرجی بچاؤ پالیسی پس پشت ڈال دی۔ دفاتر ٹھنڈے رکھنے کیلئے واسا افسران اے سی کا بے دریغ استعمال کرنے لگے۔
افسروں نے دفاتر میں ائیر کنڈیشن کے استعمال سے متعلق حکومتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔ ٹھنڈے دفاتر میں آرام کرنے کے لئے انرجی بچاؤ پالیسی پس پشت ڈال دی گئی۔ واسا کے ڈائریکٹر پی اینڈ ای کے مراسلے نے افسروں کی غفلت کو عیاں کر دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ واسا افسران دفاتر میں موجود نہیں ہوتے مگر ائیر کنڈیشن چلتے رہتے ہیں۔ واسا کے بیشتر افسروں کے دفاتر میں اے سی کا استعمال دن 11 بجے سے پہلے ہی شروع ہو جاتا ہے۔ دن 11 بجے سے پہلے اے سی کا استعمال کرکے بجلی کا ضیاع کیا جا رہا ہے۔
واسا نے دفاتر میں ائیر کنڈیشن کے بے جا استعمال کی چیکنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کو دفاتر کے اچانک دورے کرنے کی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں۔ حکومتی پالیسی کے متضاد دفاتر میں اے سی کے استعمال پر افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔ واسا کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز، ڈائریکٹرز اور ایکسیئنز کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔