(لاہور نیوز) جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہو گئے، ترین گروپ کی جانب سے کل تک نئی پارٹی کے باضابطہ اعلان کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق جہانگیرترین اور اہم سینئر قیادت لاہور پہنچ گئی ہے، نئی سیاسی جماعت کی تشکیل، نام اور دیگر امور کو آج رات تک حتمی شکل دے دی جائے گی، جیانگیر ترین کل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران نئی پارٹی کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین پی ٹی آئی چھوڑنے والے بڑے ناموں سے شمولیت کیلئے معاملات طے کریں گے۔
دوسری جانب ترین گروپ کے اراکین کو آج سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان عشائیہ دیں گے، عشائیہ آج رات آٹھ بجے عبدالعلیم خان کی ڈیفنس رہائشگاہ پر دیا جائے گا، جہانگیر ترین گروپ نے عشائیہ میں شرکت کرنے والے رہنماؤں کی فہرستیں تیار کرلی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ علیم خان کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کرنے والے تمام رہنما کل جہانگیر ترین کی متوقع پریس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔