(ویب ڈیسک) معروف یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ و طالبات نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی کے دل سوز واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
تفصیلات کے مطابق معروف یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ و طالبات نے جناح ہاؤس کے تباہ شدہ حصوں کو دیکھ کر دکھ کا اظہار کیا۔
وفد نے پاک فوج کے شہداء و غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور افواج پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔
جناح ہاؤس کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ کی رہائش گاہ ہمارا قومی اثاثہ اور ورثہ ہے، جس کو جلانے والے شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
اساتذہ نے کہا کہ ٹیلی ویژن سکرینز پر اس قومی اثاثہ کی حالت زار ضرور دیکھی تھی لیکن آج یہاں آکر اندازہ ہوا کہ اس کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔
طلباء نے کہا کہ وطن عزیز کو آج جن بیرونی و اندرونی خطرات کا سامنا ہے، پاک فوج ان کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے، جس کو قوم کبھی کمزور نہیں ہونے دے گی لیکن 9 مئی کو ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
طلبہ اور طالبات نے مطالبہ کیا کہ قائد کے گھر شرپسندی کرنے والے شرپسندوں اور دیگر فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والے تخریب کاروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔