(ویب ڈیسک) پنجاب میں آئندہ چار ماہ کے ترقیاتی بجٹ پر سفارشات نگران حکومت کو پیش کردی گئیں، آئندہ مالی سال میں چار ماہ کے ترقیاتی بجٹ کا حجم 330 ارب روپے مختص کرنے کی سفارشات کی گئی ہیں۔
نگران پنجاب حکومت چار ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔ بجٹ منظوری کیلئے نگران کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ بجٹ پیش کرنے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔ 9 جون کو وفاق کا بجٹ پیش ہونے کے بعد پنجاب کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں غیر ملکی فنڈنگ سے جاری منصوبوں کے لیے اخراجات کا تخمینہ 30 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر مالی سال 2023-24 کے لیے ترقیاتی بجٹ کا حجم 834 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول ایجوکیشن کے لیے 28 ارب، ہائیر ایجوکیشن کے لیے 10 ارب روپے جبکہ سپیشل ایجوکیشن کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں ایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
دوسری جانب صحت کے بجٹ کے لیے چار ماہ میں 70 ارب روپے، اربن ڈویلپمنٹ کے لیے 12 ارب، زراعت کی ترقی کے لیے 13 ارب روپے، صاف پانی اور سیوریج و نکاسی آب کی سکیموں کیلئے 7 ارب روپے، ٹرانسپورٹ کے لیے 6 ارب، ایمرجنسی سروسز کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔