(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، ملاقات میں مجموعی سیاسی، امن و امان سمیت معاشی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بجٹ تفصیلات سے متعلق مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی جبکہ سربراہ پی ڈی ایم نے شہباز شریف کو عوامی ریلیف کے اقدامات بارے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔
بعدازاں سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) مولانا فضل الرحمان سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے گھر پہنچے اور ان کے بڑے بھائی سردار محمود صادق کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے سردار محمود صادق کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔