لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیات کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں پلاسٹک کی آلودگی پر قابو پانے کے لیے عالمی تھیم کے تحت فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ماحولیات کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان میں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے،70 فیصد پلاسٹک کے فضلے کو غلط طریقے سے ٹھکانے لگایا جاتا ہے، حکومت استعمال شدہ فضلے کو ٹھکانے لگانے کے اقدامات کی فوری ضرورت کو تسلیم کرتا ہے، حکومت نے ماحول دوست متبادل طریقہ کار اپنانے کو ترجیح دی ہے۔
شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ون یوز پلاسٹک کا استعمال بند کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا استعمال شدہ پلاسٹک کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کیا جائے گا، وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کی طرح تمام وزارتیں اسے ختم کرنے اور محدود کرنے کے اقدامات کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں اور تمام ڈویژنز میں پیٹ بوتلوں کے استعمال کو محدود کیا جائے۔
وزیر اعظم نے پلاسٹک ری سائیکلنگ اور سرکلر اکانومی کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا، وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز، شہریوں، سول سوسائٹی سے آنے والی نسلوں کے لئے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے اپیل کی ہے۔