(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ وہ پارٹی ہے جس نے پاکستان بنایا تھا، ہماری جماعت میں بزنس مین، ڈاکٹرز، وکلا اور ہر طبقے کے لوگ شامل ہو رہے ہیں، ہماری جماعت نوجوانوں کی سب سے بڑی جماعت ثابت ہوگی، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔
سابق گورنر پنجاب نے کہا ق لیگ صرف پنجاب اور اسلام آباد کی جماعت نہیں ہے، کے پی کے میں بھی لوگوں نے ہمیں ویلکم کیا ہے، ہم بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے، ہم جماعت کو بہت بڑی آرگنائزیشن بنائیں گے، چودھری شجاعت کی قیادت پر پورے پاکستان کے لوگوں کو اعتماد ہے۔
چودھری سرور نے کہا ہمارے ملک میں جزا و سزا اور عدل وانصاف کا نظام نہیں ہے، اس ملک میں عدالتیں فرسودہ ہوچکی ہیں، جس نے ملک کو لوٹا کسی کو آج تک سزا نہیں ملی، تمام اداروں کو اپنے اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنا چاہیے،5 سال ملک کے بڑے صوبے کا گورنر رہا ہوں، میں یورسٹیز میں میرٹ لے کر آیا، میرٹ کی وجہ سے دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیز میں ہماری یونیورسٹیز شامل ہیں۔
رہنما ق لیگ نے مزید کہا عوام کو ایجوکیٹ کرنا ہے، عوام جانتے ہیں کون رشوت لیتا ہے کون نہیں، عوام ان لوگوں کو ووٹ دیں جو سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں تجارت نہیں، پاکستان کا آئین ہمارے لیے سپریم ہے، ہم سمجھتے ہیں اسمبلیاں تحلیل ہونی چاہئیں ،ملک میں نگران حکومتیں آنی چاہئیں۔