(لاہور نیوز) وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ روز ویلٹ ہوٹل کے 1025 کمروں کو 3 سال کی لیز پر دے دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے، ہم سخت پریشانی میں تھے، سمجھ نہیں آ رہی تھی اس ہوٹل کے ساتھ کیا کیا جائے، ہم نے 18 دن میں 600 کمرے ہینڈ اوور کر دیے ہیں، ہوٹل جس حالت میں ہے اسی حالت میں واپس ملے گا، اس لیز سے پاکستان کو 220 ملین ڈالر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیویارک کی سٹی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ کنٹریکٹ سائن ہوا ہے، اب اس ہوٹل کے بارے میں تمام کہانیاں ختم ہوگئی ہیں، آؤٹ سورس کا مطلب بیچنا نہیں ہے، پاکستان میں آؤٹ سورس کا تجربہ کسی کا نہیں تھا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس ایک، ایک کرکے آؤٹ سورس ہوں گے، ایئر پورٹس موجود ہیں لیکن بنیادی سہولتیں موجود نہیں، کوئٹہ کے رن وے کو تعمیر کر دیا گیا ہے، فیصل آباد کے پرانے رن وے کی تعمیر نو، لاہور ایئرپورٹ کے رن وے کی بھی اپ گریڈیشن ہوچکی ہے جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے بھی ہمارے پاس فنڈز موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ سے عازمین حج براہ راست کبھی نہیں گئے تھے، کوئٹہ سے پہلی بار ڈائریکٹ حج فلائیٹس چل رہی ہیں، پاکستان کے لوگوں کو حق حاصل ہے کہ ان کو بہترین جہاز ملیں، بہتری کیلئے ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کو درمیان میں لانا ہوگا، وقت کم ہے مگر ہم پی آئی اے کو ٹریک پر ڈال جائیں گے۔