(لاہور نیوز) ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ راولپنڈی کے نالہ لئی میں شدید بارش کے باعث اونچے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 88 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 80 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں سیلابی صورتحال ہے اور گوالمنڈی و کٹاریاں کے مقامات پر اونچے درجے کی سیلابی صورتحال رپورٹ ہوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نارووال میں نالہ بسنتر جبکہ شکرگڑھ میں نالہ بئین پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 66 فیصد بھر چکا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو موسم اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے والدین سے کہا ہے کہ بچوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلابی پانی میں نہ جانے دیں۔
