(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ملک ہے، جو باصلاحیت، باوقار اور ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ ان کی بہترین ذہنی، جسمانی ، فکری اور علمی نشوونما کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی و پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے، نوجوانوں کو مفت آئی ٹی تعلیم سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنو قابل پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینے اور انہیں باعزت روزگار کے قابل بنانے میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے، ایسے پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے، نوجوانوں کی ترقی میں ہی قوم کی پائیدار ترقی اور پاکستان کے تابناک مستقبل کا راز مضمر ہے، اس لیے نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
