(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نشانِ حیدر پانے والے عظیم سپوت حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے بہادری، دلیری اور استقامت کی لازوال مثال قائم کی۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور اپنی بے مثال جرات سے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز پر جانیں قربان کرنے والے شہدا ہماری شان، ہماری آن اور پاکستان کے حقیقی محافظ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ارضِ وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے بہادر جوانوں کی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا اور پوری قوم اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ عزت، احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گی۔
