پنجاب: فارمیسی کیڈر کی 1518 اسامیوں، تنظیم نو اور 959 نئی اسامیوں کی منظوری
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں فارمیسی کیڈر کی 1518 اسامیوں کی تنظیم نو اور 959 نئی اسامیوں کی منظوری دے دی۔
محکمہ خزانہ پنجاب نے فارمیسی کیڈر کی مجموعی اسامیوں میں اضافہ اور نئی ری اسٹرکچرنگ کی منظوری بھی دے دی، صوبہ بھر میں گریڈ 20 سے گریڈ 17 تک فارمیسی کیڈر میں نئی تقسیم، چیف ڈرگ کنٹرولر کی اسامیوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ گریڈ 19 میں ڈرگ کنٹرولر اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل کی اسامیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔
صوبہ بھر میں گریڈ 18 میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کی اسامیوں کی تعداد 234 تک بڑھا دی گئی۔ صوبہ بھر کے لیے گریڈ 17 فارماسسٹس کی 897 نئی اسامیاں منظوری دے دی گئی، جس کے بعد پنجاب بھر میں فارمیسی کیڈر کی مجموعی اسامیوں کی تعداد 1518 ہو گئی، اس کے علاوہ صوبہ بھر میں پہلے سے موجود اسامیوں میں 959 نئی اسامیوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور ہسپتالوں میں فارمیسی سروسز کے لیے نئی اسامیوں کی منظوری دے دی گئی، محکمہ خزانہ نے متعلقہ اداروں کو اسامیوں کی توثیق اور آڈٹ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
