کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ صدر، وزیر اعظم اور عسکری قیادت کو جاتا ہے: گورنر پنجاب
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ وزیر اعظم، عسکری قیادت اور صدر کو جاتا ہے۔
ساہیوال میں ضلعی صدر پیپلز پارٹی ذکی چودھری کی رہائش گاہ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتکاری کے باعث امریکہ اور ایران مذاکرات کی میز پر آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کوششوں کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ صدر، وزیر اعظم، اور عسکری قیادت کو جاتا ہے، امریکہ اور ایران مذاکرات میں ڈیڈ لاک آیا، تاہم عمل جاری ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں امریکہ نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ بھی کیا، امریکہ کو خرابی کی طرف ہمیشہ اسرائیل لے کر جاتا ہے، پیپلز پارٹی کی تاریخ ہمیشہ کارکنوں کو آگے لانے کی رہی ہے۔
سردار سلیم حیدرنے کہا کہ گورنر آئینی عہدہ ہے، آئین کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، گورنر کا عہدہ مستقل نہیں آنا جانا لگا رہتا ہے، گورنر بننا قیادت کے اعتماد کا نتیجہ ہے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی بہتر ہوگی، آپکو تین سال پہلے بتا رہا ہوں کہ بلاول وزیر اعظم بنیں گے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں سمیسٹر سسٹم ختم کرنے کی تجویز ہے، میں نے تمام یونیورسٹیوں کو لیٹر لکھا کہ سمیسٹر سسٹم کو ختم کیا جائے، جامعات کے پیپرز باہر بنیں اور چیکنگ بھی باہر ہی ہوں۔
