(لاہور نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کفایت شعاری کے جامع اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں، جن پر عملدرآمد کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی کفایت شعاری مہم پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ نئے اقدامات کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کر دی ہے اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری میٹنگز کو آن لائن پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
سرکاری افسران کے پروٹوکول اور سکیورٹی گاڑیوں کو بھی محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری سطح پر عشائیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم غیر ملکی وفود کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
پالیسی کے تحت سرکاری دفاتر کے اوقات کار کو بھی ہفتے میں چار دن تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نا صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ معیشت کو بھی سہارا ملے گا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے واضح کیا ہے کہ کفایت شعاری پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ قومی وسائل کا ذمہ دارانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
