(لاہورنیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا سٹیٹ بینک سے خطے کی کشیدہ صورتحال میں سخت ترین مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں کشیدہ صورتحال میں مہنگائی بڑھنے کے خدشہ کے پیش نظر سخت مانیٹری پالیسی رکھی جائے، مشرق وسطی کی حالیہ سنگین صورتحال کے باعث افراط زر میں غیر معمولی اضافے کے خدشات برقرار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث افراط زر بڑھے تو سٹیٹ بینک شرح سود میں اسی تناسب سے اضافہ کرے، آئی ایم ایف کی جانب سے سٹیٹ بینک کے فیصلوں کی سٹرونگ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ خوراک اور ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی قریبی نگرانی کر رہے ہیں، کشیدہ صورتحال کے باعث سنگینی بڑھی تو پالیسی کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ذخائر بڑھانے کیلئے انٹربینک مارکیٹ کو مستحکم بنانے اور شفافیت بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
