(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت پری مون سون انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا، مون سون، دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ اور ڈی سلٹنگ پر بریفنگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہورکپٹین(ر)اعجاز علی کو مون سون، دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ اور ڈی سلٹنگ پر بریفنگ میں روڈا حکام نے بتایا کہ بند کی تعمیر پر کام جاری ہے 2 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، تعمیر سے گزشتہ سال جیسی سیلابی صورتحال پر قابو پایا جا سکے گا۔
اجلاس میں ریسکیو 1122، لائیو سٹاک اور محکمہ صحت نے اپنے ہنگامی پلان پیش کیے، ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو پیشگی منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کی ہدایت کی اورشہر میں موجود خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی اور کارروائی کے لیے ہدایات بھی دیں جبکہ ڈی سلٹنگ آپریشن تیز کرنے اور ڈسپوزل سٹیشنز پر بیک اپ جنریٹرز کی فعالی کا حکم دیا۔
اجلاس میں ریسکیو 1122 کی کشتیوں اور لائیو سٹاک کی ویکسینیشن پلان کو حتمی شکل دی گئی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے لائیو اسٹاک مویشیوں کی ویکسینیشن اور انخلاء کا پلان تیار رکھنے اورریسکیو 1122کو سیلابی صورتحال کے لیے اپنی کشتیاں مکمل فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
اُنہوں نے محکمہ صحت کو فیلڈ ہسپتالوں اور طبی امداد کے لیے متحرک رہنے کا حکم دیتے ہوئے مزید کہا کہ تمام محکمے پری مون سون انتظامات سو فیصد مکمل کریں، لاہور کینال اور تمام نالوں کی صفائی کے لیے آپریشنز مکمل کیے جائیں جبکہ سورنگ پوائنٹس اور انڈر پاسز پر خصوصی ٹیمیں اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے آپس میں اور پی ڈی ایم اے سے مکمل رابطہ رکھیں، موسم کے بدلتے پیٹرن کے پیش نظر پیشگی انتظامات ناگزیر ہیں شہریوں کو ممکنہ سیلاب اور بارشوں سے بچانا اولین ترجیح ہے، انتظامات میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی مربوط حکمت عملی سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکتا۔
