(لاہورنیوز)پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے 10ویں میچ میں کراچی کنگز نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
راولپنڈیز کی جانب سے دیا گیا 198 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی دوسری گیندپر حاصل کر لیا۔کراچی کنگز کی جانب سے اعظم خان نے 34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی بدولت 74 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، کپتان ڈیوڈ وارنر 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سلمان علی آغا 29 جبکہ محمد وسیم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کنگز کے معین علی 5 رنز بنا کر ڈیرل مچل کا شکار بنے جبکہ خوشدل شاہ نے 5 اور عباس آفریدی نے 6 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔راولپنڈیز کی جانب سے ڈیرل مچل نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ محمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز نے کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔
راولپنڈیز کی جانب سے ڈیرل مچل 65 اور سیم بلنگز 58 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان 21، کامران غلام 10 اور یاسر خان 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
پنڈیز کے کول کونچی2 رن ہی بنا سکے جبکہ عبداللہ فضل 18 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ خوشدل شاہ نے 2 اور عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
