ڈپٹی کمشنر لاہور کا رائیونڈ تبلیغی اجتماع گاہ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا
(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع گاہ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی سی لاہور نے مرکز تبلیغی جماعت کی شوریٰ سے ملاقات کی، جس میں اجتماع کے انتظامی امور اور سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجتماع 3 سے 5 اپریل تک جاری رہے گا جبکہ اختتامی دعا 6 اپریل کو ہو گی۔
اجتماع انتظامیہ کے مطابق اس سال 84 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے، جس کے پیش نظر سکیورٹی، ٹریفک اور پارکنگ کے جامع انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، انتظامیہ نے سیلف ککنگ اور گیس سلنڈر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈی سی لاہور نے پارکنگ، لائٹنگ اور ٹریفک پلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اجتماع کے دوران ٹریفک کی روانی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اجتماع گاہ کے اطراف میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے جائیں تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ رائیونڈ اجتماع کے شرکا ہمارے مہمان ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور اجتماع انتظامیہ کے درمیان بہترین تعاون کے ذریعے مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
