(لاہور نیوز) وزیر اعلی کی معاون برائے پولیو عظمٰی کاردار نے کہا ہے کہ نوجوان پولیو کے خاتمے میں انقلابی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انسداد پولیو مہم 13 تا 19 اپریل کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں گرل گائیڈز اور اساتذہ کی شرکت ہوئی، تقریب کی صدارت وزیر اعلی کی معاون برائے پولیو عظمٰی کاردار اور انسداد پولیو پروگرام سربراہ عدیل تصور نے کی۔
اپنے ایک بیان میں عظمٰی کاردار کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے میں نوجوان نسل کا کردار اجاگر کیا جائے گا، نوجوانوں کو پولیو کے خاتمے سے متعلق درست معلومات تک رسائی دینا اہم ہے، نوجوان نسل پولیو کے خاتمے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا درست معلومات کی رسائی سے فیک نیوز کا راستہ روکا جا سکتا ہے، نوجوانوں کو اعتماد دے کر پولیو کے خلاف چیمپئن بنایا جا سکتا ہے۔
ادھر انسداد پولیو پروگرام سربراہ عدیل تصور نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف محکمہ صحت کا مسئلہ نہیں ہے، پولیو کا خاتمہ مشترکہ مشن ہے، نوجوان پولیو کے خاتمے کے علمبردار ہیں، نوجوان پولیو کے خاتمے کیلئے والدین کے اعتبار میں اضافہ کرتے ہیں، نوجوانوں کی اجتماعی آواز سے پولیو کے خلاف چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔
