(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے تنظیمی عہدوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پارٹی کو صوبہ بھر میں مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی کی قیادت نوجوانوں کو تنظیم میں زیادہ سے زیادہ نمائندگی دینے پر زور دے رہی ہے جبکہ ورکنگ پلان کے تحت مسلم لیگ ن کو ایک مضبوط سیاسی تنظیم کے طور پر منظم کرنے کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کو مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم میں اہم ذمہ داری دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور انہیں صوبائی صدر یا چیف آرگنائزر بنانے کا امکان بھی ہے۔
اس سے قبل حمزہ شہباز کو وفاق میں عہدے کی پیشکش کی جا چکی تھی، جس کے لیے انہوں نے رضامندی کے ساتھ سیاسی کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، بتایا گیا ہے کہ صوبائی صدر کے طور پر حمزہ شہباز کو پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے اور نوجوانوں کو تنظیم میں مؤثر نمائندگی دینے کا ٹاسک دیا جائے گا۔ حتمی فیصلہ صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کریں گے۔
