(ویب ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے اپنی نجی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے خوف ہے کہ کوئی شخص محض شہرت کے لیے مجھ سے شادی نہ کرے۔
ریشم نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ طویل عرصے سے محنت کے ساتھ ایک خودمختار زندگی گزار رہی ہیں، تاہم ان کی زندگی میں تاحال شادی کا مرحلہ نہیں آ سکا۔
انہوں نے موجودہ دور میں رشتوں کے عدم استحکام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کل شادی جیسے مضبوط بندھن بھی زیادہ دیر قائم نہیں رہتے، جو ایک قابلِ غور مسئلہ ہے۔
ریشم نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شریکِ حیات کی تلاش میں ہیں جو نہ صرف ایک اچھا انسان ہو بلکہ ان کے فلاحی کاموں میں بھی ان کا ساتھ دے۔
ان کے مطابق وہ سماجی خدمات، خصوصاً لنگر اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم ہیں، اور چاہتی ہیں کہ ان کا جیون ساتھی بھی اس مشن کا حصہ بنے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں وقتی شہرت کے لیے تعلقات قائم کرنے کا رجحان بڑھ گیا ہے، جس کے باعث وہ کسی بھی رشتے کے معاملے میں محتاط رویہ اختیار کرتی ہیں۔
