(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق کہ پنجاب کا ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ڈیرہ غازی خان میں ایک اور معصوم زندگی کو تحفظ فراہم کر دیا۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو ڈی جی خان کی ریسکیو ٹیم نے مقامی مسجد میں لاوارث حالت میں ملنے والے نومولود بچے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے قانونی تحویل میں لے لیا۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور رکنِ صوبائی اسمبلی سارہ احمد نے بچے کو اپنی آغوش میں لے کر اسے بیورو کے محفوظ ماحول میں منتقل کیا۔
اس موقع پر سارہ احمد کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے میں کسی بھی بچے کو لاوارث یا غیر محفوظ نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب، خصوصاً ڈی جی خان میں بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
چیئرپرسن کے مطابق ریسکیو کیے گئے نومولود کا فوری طبی معائنہ بھی کروایا گیا ہے تاکہ اس کی صحت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بچہ اب ریاست کی نگرانی میں ہے اور اسے تمام بنیادی سہولیات اور مکمل نگہداشت فراہم کی جائے گی۔
